اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے دونوں صدارتی امیدواروں کی مشترکہ سیاسی کمیٹی نے قومی اتحاد کی حکومت کے ڈھانچے کے تعیّن کے لئے، کام کا آغاز کردیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدارتی انتخابات کے دونوں نامزد امیدواروں کی انتخابی کمیٹی کے سربراہوں نے کہا ہے کہ اس کمیٹی کے ارکان نے افغانستان میں قومی اتحاد کی حکومت کے ڈھانچے کے تعیّن کے لئے باہمی گفتگو کا آغاز کردیا ہے۔ افغانستان کے صدارتی امیدوار اشرف غنی احمدزئی کی انتخاباتی کمیٹی کے ترجمان فیض اللہ ذکی نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس کمیٹی کا کام افغانستان کے آئین کے دائرے میں رہے گا اور جو بھی مشترکہ بیان جاری ہوگا اس میں آئین کی شقوں کا لحاظ رکھا جائے گا۔ فیض اللہ ذکی نے کہا کہ اس کمیٹی کا بنیادی ترین کام ایک ایسے سمجھوتے کے متن کی تیاری ہے جس میں قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل کے خدوخال وضع کئے جائيں۔ افغانستان کے ایک اور صدارتی امید وار عبداللہ عبداللہ کی انتخاباتی کمیٹی کے ترجمان فاضل سنچارکی نے بھی اس پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان جو اتفاق رائے ہوا ہے واضح اور روشن ہے جس میں بنیادی چیزوں کو نظر میں رکھا گیا ہے، لیکن حتمی طور پر ان تمام امور کی تفصیلات کو بھی تحریری صورت میں لائے جانے کی ضرورت ہے۔ دونوں صدارتی امید واروں کی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ان مذاکرات کا نتیجہ ایک ہفتے میں سامنے آجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲